جمعرات , 27 جولائی 2017

Home » اہم » پاکستان کے مشہور شہروں کے ناموں کی تاریخ اور جائزہ:

پاکستان کے مشہور شہروں کے ناموں کی تاریخ اور جائزہ:

اپنے وطن سے محبت ایک قدرتی امر ہے یہ ہر انسان کی فطرت ہے کہ وہ دنیا میں جہاں بھی ہو اپنے وطن سے بے پناہ محبت رکھتا ہے۔ جب ہم اپنے وطن اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں تو اس کے شہروں سے بھی محبت کرتے ہیں، پاکستان کے تمام شہر بہت خوبصورت ہیں اور ہمیں ان سے پیار ہے۔کسی بھی شہر کا نام اس شہر کو نہ صرف ایک منفرد شناخت دیتا ہے بلکہ اپنے اندر ایک تاریخی پسِ منظر بھی رکھتا ہے۔ یہ پوری تحریر پڑھنے کےبعد آپ کو پتا چلے گا کہ پاکستان اور اس کے مشہور شہروں کے نام کیسے پڑے ، ان سے جڑا تاریخی پسِ منظر کیا ہے۔
پاکستان.
لفظ پاکستان ’’پاک‘‘ اور ’’ستان‘‘ کو ملا کر بنایا گیا ہے۔ پاک کا مطلب ’’روحانی طور پر صاف‘‘ ہے اور ستان سنسکرت کے لفظ ’’استھان‘‘ سے نکلا ہے جس کا مطلب ہے ملک، علاقہ یا رہنے کی جگہ۔ تو پاکستان کا مطلب ایسی پاک جگہ جہاں پاک لوگ رہتے ہیں۔پاکستان کا ’’پ‘‘ پنجاب سے، ’’ا‘‘ افغانیہ (خیبر پختونخوا) سے، ’’ک‘‘ کشمیر سے، ’’س‘‘ سندھ سے اور ’’تان‘‘ بلوچستان سے لیا گیا ہے۔اپنے وطن سے محبت ہو تو اس کے شہروں سے محبت ہونا فطری بات ہے۔ پاکستان کے سارے شہر ہمارے لیے اتنے ہی پیارے اور محترم ہیں جتنا کہ ہمیں اپنا شہر۔ ان شہروں کے نام کیسے رکھے گئے۔
اسلام آباد:
۱۹۵۹ء میں مرکزی دارالحکومت کا علاقہ قرار پایا۔ اس کا نام مسلمانانِ پاکستان کے مذہب اسلام کے نام پر اسلام آباد رکھا گیا۔
راولپنڈی:
یہ شہر راول قوم کا گھر تھا۔ چودھری جھنڈے خان راول نے پندرہویں صدی میں باقاعدہ اس کی بنیاد رکھی۔
کراچی:
تقریباً ۲۲۰ سال قبل یہ ماہی گیروں کی بستی تھی۔ کلاچو نامی بلوچ کے نام پر اِس کا نام کلاچی پڑ گیا۔ پھر آہستہ آہستہ کراچی بن گیا۔ ۱۹۲۵ء میں اسے شہر کی حیثیت دی گئی۔ ۱۹۴۷ء سے ۱۹۵۹ء تک یہ پاکستان کا دارالحکومت رہا۔
حیدرآباد:
اس کا پرانا نام نیرون کوٹ تھا۔ کلہوڑوں نے اسے حضرت علیؓ کے نام سے منسوب کرکے اس کا نام حیدرآباد رکھ دیا۔ اس کی بنیاد غلام کلہوڑا نے ۱۷۶۸ء میں رکھی۔ ۱۸۴۳ء میں انگریزوں نے شہر پر قبضہ کرلیا۔ اسے ۱۹۳۵ء میں ضلع کا درجہ ملا۔
پشاور:
پیشہ ور لوگوں کی نسبت سے اس کا نام پشاور پڑ گیا۔ ایک اور روایت کے مطابق محمود غزنوی نے اسے یہ نام دیا۔
کوئٹہ:
لفظ کوئٹہ، کواٹا سے بنا ہے جس کے معنی قلعے کے ہیں۔ بگڑتے بگڑتے یہ کواٹا سے کوئٹہ بن گیا۔
سرگودھا:
یہ سر اور گودھا سے مل کر بنا ہے۔ ہندی میں سر، تالاب کو کہتے ہیں، گودھا ایک فقیر کا نام تھا جو تالاب کے کنارے رہتا تھا۔ اسی لیے اس کا نام گودھے والا سر بن گیا۔ بعد میں سرگودھا کہلایا۔ ۱۹۰۳ء میں باقاعدہ آباد ہوا۔
بہاولپور؛
نواب بہاول خان کا آباد کردہ شہر جو انہی کے نام پر بہاولپور کہلایا۔ مدت تک یہ ریاست بہاولپور کا صدر مقام رہا۔ پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے والی یہ پہلی رہاست تھی۔ ون یونٹ کے قیام تک یہاں عباسی خاندان کی حکومت تھی۔
ملتان:
کہا جاتا ہے کہ اس شہر کی تاریخ ۴ ہزار سال قدیم ہے۔ البیرونی کے مطابق اسے ہزاروں سال پہلے آخری کرت سگیا کے زمانے میں آباد کیا گیا۔ اس کا ابتدائی نام ’’کیساپور‘‘ بتایا جاتا ہے۔
فیصل آباد:
اسے ایک انگریز سر جیمزلائل (گورنرپنجاب) نے آباد کیا۔ اُس کے نام پر اس شہر کا نام لائل پور تھا۔ بعدازاں عظیم سعودی فرماں روا شاہ فیصل شہید کے نام سے موسوم کر دیا گیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ:
اس شہر کا نام ایک سکھ “ٹیکو سنگھ” کے نام پہ ہے “ٹوبہ” تالاب کو کہتے ہیں یہ درویش صفت سکھ ٹیکو سنگھ شہر کے ریلوے اسٹیشن کے پاس ایک درخت کے نیچے بیٹھا رہتا تھا اور ٹوبہ یعنی تالاب سے پانی بھر کر اپنے پاس رکھتا تھا اور اسٹیشن آنے والے مسافروں کو پانی پلایا کرتا تھا سعادت حسن منٹو کا شہرہ آفاق افسانہ “ٹوبہ ٹیک سنگھ” بھی اسی شہر سے منسوب ہے.
رحیم یار خان:
بہاولپور کے عباسیہ خاندان کے ایک فرد نواب رحیم یار خاں عباسی کے نام پر یہ شہر آباد کیا گیا۔
ساہیوال:
یہ شہر ساہی قوم کا مسکن تھا۔ اسی لیے ساہی وال کہلایا۔ انگریز دور میں پنجاب کے انگریز گورنر منٹگمری کے نام پر ”منٹگمری“ کہلایا۔ نومبر 1966ء صدر ایوب خاں نے عوام کے مطالبے پر اس شہر کا پرانا نام یعنی ساہیوال بحال کردیا۔
سیالکوٹ:
2 ہزار قبل مسیح میں راجہ سلکوٹ نے اس شہر کی بنیاد رکھی۔ برطانوی عہد میں اس کا نام سیالکوٹ رکھا گیا۔
گوجرانوالہ:
ایک جاٹ سانہی خاں نے اسے 1365ء میں آباد کیا اور اس کا نام ”خان پور“ رکھا۔ بعدازاں امرتسر سے آ کر یہاں آباد ہونے والے گوجروں نے اس کا نام بدل کر گوجرانوالہ رکھ دیا۔
شیخوپورہ:
مغل حکمران نورالدین سلیم جہانگیر کے حوالے سے آباد کیا جانے والا شہر۔ اکبر اپنے چہیتے بیٹے کو پیار سے ”شیخو“ کہہ کر پکارتا تھا اور اسی کے نام سے شیخوپورہ کہلایا۔
مظفر گڑھ:
والی ملتان نواب مظفرخاں کا آباد کردہ شہر۔ 1880ءتک اس کا نام ”خان گڑھ“ رہا۔ انگریز حکومت نے اسے مظفرگڑھ کا نام دیا۔

پاکستان کے مشہور شہروں کے ناموں کی تاریخ اور جائزہ: Reviewed by on . اپنے وطن سے محبت ایک قدرتی امر ہے یہ ہر انسان کی فطرت ہے کہ وہ دنیا میں جہاں بھی ہو اپنے وطن سے بے پناہ محبت رکھتا ہے۔ جب ہم اپنے وطن اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں اپنے وطن سے محبت ایک قدرتی امر ہے یہ ہر انسان کی فطرت ہے کہ وہ دنیا میں جہاں بھی ہو اپنے وطن سے بے پناہ محبت رکھتا ہے۔ جب ہم اپنے وطن اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں Rating: 0

Leave a Comment

scroll to top